کراچی (این این آئی) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری سے گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے ملاقات کی۔ ذرائع نے بتایا کہ رحمن ملک نے ملاقات میں اپنے دورہ لندن خصوصاً گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی موجودگی میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ہونے والی تفصیلی ملاقات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے الطاف حسین کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔ سابق صدر نے رحمن ملک کو ہدایت کی کہ ایم کیو ایم کی قیادت سے مسلسل رابطہ رکھا جائے اور تمام امور کو پارٹی قیادت کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھایا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کی ایک اہم ملاقات متوقع ہے۔
آصف زرداری سے رحمن ملک کی ملاقات، متحدہ کیساتھ رابطہ رکھنے کی ہدایت
Feb 07, 2014