اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی تقرری کے خلاف سابق وزراء اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت 6 ملزمان پر مقدمہ چلا کر سزا دی جائے۔ احتساب عدالت میں داخل ریفرنس میں نیب کی طرف سے استدعا کی گئی ہے۔ آن لائن کے مطابق سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ میں رینٹل پاور کیس میں عدا لتوں کا سامنا کر رہا ہوں ، کوئی مالی بدعنوانی نہیں کی، مجھ پر جو الزام لگایا جارہا ہے وہ ابھی تک ثابت نہیں ہوا، میڈیا ٹرائیل کر کے بندے کا چہرہ بگاڑ دیا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے للِہ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ میری حکومت میں خواجہ آصف کہتے تھے کہ ملک میں بجلی موجود ہے اگر بجلی موجود ہوتی تو موجودہ حکومت لوڈشیڈنگ نہ کرتی کسی کی کردارکشی بہت بڑا ظلم ہے اپوزیشن کا کام نشاندہی کرنا ہے ایک دوسرے کی تذلیل یا ٹانگیں نہیں کھینچنی چاہئیں۔