ملالہ فنڈ، یونیسکو تعلیم کے شعبہ میں 70 لاکھ ڈالر دیگا، معاہدے پر دستخط

 اسلام آباد (آئی این پی )یونیسکو ملالہ فنڈ کے ذریعے پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں ستر لاکھ ڈالر کی رقم فراہم کرے گا جس سے آئندہ پانچ سالوں میں دو دراز علاقوں میں لڑکیوں کے لیے بنیادی و ثانوی تعلیم کی سہولتوں کے فروغ، خواتین اساتذہ کو ملازمت کے مواقع اور اساتذہ کی تربیت سمیت کئی اقدامات کیے جائیں گے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تعلیم، سائنس و ثقافت ’’یونیسکو‘‘ اور حکومت پاکستان نے ملک میں تعلیم خصوصاً لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لئے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ وزیر مملکت برائے تعلیم و تربیت بلیغ الرحمن اور پاکستان کے دورے پر آئی  یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل ارینا بوکووا نے  یہاں منعقدہ ایک تقریب میں  معاہدے پر دستخط کئے۔ امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بلیغ الرحمن  نے کہاکہ  ملک میں لڑکوں کی نسبت لڑکیاں کم تعداد میں سکول جاتی ہیں لیکن اس معاہدے کے بعد اس ضمن میں حکومت کی طرف سے کی جانے والی کوششیں کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کوشش کر رہے ہیں، شفاف، مخلص اور ایماندارانہ کوششیں ہوں گی تو دنیا خاص طور پر امیر ممالک اور یونیسکو کی رپورٹ میں بھی کہا گیا کہ امیر ممالک کو مزید پیسہ تعلیم کے لئے دینا چاہئے۔ حکومت ملک میں تعلیم کے بجٹ کو چار فیصد تک بڑھانے کا عزم کئے ہوئے ہے۔ علاوہ ازیں یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل ایرینا بوکووا نے کہا ہے کہ شدت پسندوں کے سکولوں پر حملے انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہیں، شدت پسند سکولوں کو نشانہ بنا کر پاکستانی نوجوانوں کا مستقبل تاریک بنا رہے ہیں، یونیسکو پاکستان میں تعلیم، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا، ملالہ یوسفزئی پاکستان کی بہادر بیٹی ہے جس نے تعلیم جیسے عظیم مقصد کے لئے قربانی دی، حکومت آرٹیکل 25-A پر عملدر آمد یقینی بناتے ہوئے بچوں میں تعلیم کے فروغ کے لئے اقدامات کرے۔

ای پیپر دی نیشن