اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب، سندھ اور خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان کر دیا ہے۔ خیبر پی کے میں مئی کے آخر، پنجاب میں نومبر اور سندھ میں آئندہ سال مارچ میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔ پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات نئی حلقہ بندیوں کے بعد ہوں گے۔ اس بات کا فےصلہ الےکشن کمشن آف پاکستان کے اجلاس مےں کےا گےا جو جمعہ کو چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی صدارت مےں ہوا جس مےں تےنوں صوبوں مےں بلدےاتی انتخابات، اسلام آباد اور کنٹونمنٹ بورڈ میں بھی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق امور پر غور کےا گےا۔ اجلاس میں پنجاب، سندھ اور خیبر پی کے کے صوبائی الیکشن کمشنرز اور چیف سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب، سندھ اور خیبر پی کے میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات سے متعلق امور پر غورکیا گےا۔ الیکشن کمشن نے تین صوبوں کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے آگاہ کر دیا ہے۔ قائم مقام سیکرٹری الیکشن کمشن شیرافگن کے مطابق صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کی حتمی تاریخوں کا اعلان صوبائی الیکشن کمشنر کریںگے اور اس بارے میں جلد اعلان کر دےا جائے گا۔ اجلاس مےں چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے کہا ہے کہ صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔ خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات مئی کے اواخر تک مکمل کر لیں گے۔ اجلاس سے افتتاحی خطاب میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بلوچستان میں بلدیاتی نظام قائم کردیا گیا ہے۔ حلقہ بندیاں اور دیگر قوانین کے مکمل ہونے کے بعد پنجاب اور کنٹونمنٹ بورڈ میں بھی الیکشن پروگرام مکمل کر لیا جائے گا۔ یہ اجلاس بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ قانونی پیچیدگیاں ختم کرنے کے بعد کنٹونمنٹ بورڈ میں بھی انتخابات کرائے جائینگے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کے پی کے حکومت کی درخواست پر مئی میں بلدیاتی انتخابات کرا دیئے جائیں گے جبکہ پنجاب اور سندھ میں نئی حلقہ بندیوں کے بعد تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکشن کمشن سے بلدیاتی حلقہ بندیوں اور الیکشن کی تاریخ سے متعلق جواب 12 فروری تک جمع کرانے کا حکم دے رکھا ہے۔ بی بی سی ڈاٹ کام کے مطابق اجلاس کے دوران ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈ میں انتخابات کے انعقاد سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا اور اس ضمن میں وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ جلد ہی ان علاقوں میں انتخابات سے متعلق آرڈیننس جاری کیا جائے گا۔ اے پی پی کے مطابق قائم مقام سیکرٹری الیکشن کمیشنر شیرافگن نے کہا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن حلقہ بندیوں کے بعد ہوں گے، حلقہ بندیوں کا آغاز فروری کے آخر یا مارچ کے اوائل میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ پنجاب نے رواں سال نومبر میں اور سندھ نے مارچ 2016ءمیں بلدیاتی الیکشن کرانے کے لئے آمادگی ظاہر کی ہے۔ خیبر پی کے میں بلدیاتی الیکشن مئی میں ہوں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار الیکشن کمشن کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ قائم مقائم سیکرٹری الیکشن کمشنر نے بتایا کہ پنجاب میں 36 اضلاع سے حلقہ بندیوں کا مکمل ریکارڈ موصول ہو چکا ہے جبکہ لاہور سمیت 6 اضلاع کا ریکارڈ ابھی فراہم کیا جانا باقی ہے جس پر 12 سے 13 دن لگیں گے۔ حلقہ بندیاں فروری کے آخر یا مارچ میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ پنجاب نے کہا ہے کہ وہ نومبر تک بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے تیار ہے۔ اس سلسلے میں دو چار دنوں میں حتمی طور پر آگاہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے میں بلدیاتی الیکشن کے لئے اپریل کے اوائل میں شیڈول جاری ہو جائے گا اور الیکشن مئی میں ہوں گے۔آن لائن کے مطابق الیکشن کمشن نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے باقاعدہ جواب تیارکرلیا۔ الیکشن کمشن 12 فروری سے پہلے بلدیاتی انتخابات پر تفصیلی جواب سپریم کورٹ میں جمع کر دے گا،جواب تین صفحات پر مشتمل ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرتے ہوئے صوبوں سے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد بارے صوبوں سے مشاورت مکمل کرتے ہوئے جواب تیارکیا ہے جس میں بتایاگیاہے کہ خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات مئی میں ہوں گے۔ پنجاب میں نومبر جبکہ سندھ میں آئندہ سال مارچ میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔
بلدیاتی انتخابات اعلان