پشاور (این این آئی+ نوائے وقت نیوز) وزیراعظم نواز شریف کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے جمعہ کے روز پشاور کا دورہ کیا۔ پشاور پہنچنے کے بعد وہ سانحہ آرمی پبلک سکول میں زخمی ہونے والے طالب علم احمد نواز کی رہائشگاہ پر گئے۔ انہوں نے زخمی طالب علم احمد نواز کی عیادت کے دوران ان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس موقع پر احمد نواز کے والدین کو لندن کے کوئنز الزبتھ ہسپتال میں علاج کے لئے ویزہ اور دیگر سفری دستاویزات حوالے کیں۔ وزیراعظم کے ترجمان نے احمد نواز کے والدین کو چار باقاعدہ طور پر مہر شدہ پاسپورٹ حوالے کئے جن میں احمد نواز اس کے والد محمد نواز، اس کی والدہ اور اس کے چھوٹے بھائی عمر نواز کے پاسپورٹ شامل ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندان کے دکھ اور تکالیف سے بخوبی آگاہ ہے او رزخمی طالب علم کے علاج معالجے میں وفاقی حکومت کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔ دوسری طرف آرمی پبلک سکول کے متاثرین کے لئے 35 کروڑ روپے جاری کر دیے گئے۔ ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ کے مطابق 20، 20 لاکھ روپے شہداء کے لواحقین کو دیے جائیں گے جبکہ شدید زخمیوں کو 5، 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ امدادی رقم ضلعی انتظامیہ کے حوالے کر دی گئی ہے۔ دریں اثناء سانحہ کے 19 زخمی بچوں کا دوبارہ میڈیکل ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبائی محکمہ اطلاعات کے مطابق اس سلسلہ میں محکمہ صحت کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ میڈیکل ٹیسٹ کے تمام اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔