واشنگٹن (آن لائن) سابق امریکی سفیر رابرٹ بلیک ول نے خبردار کیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ملک میں آئندہ دہشتگردانہ حملے کی صورت میں پاکستان کے خلاف طاقت کا استعمال کر سکتے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق خارجہ تعلقات کونسل کی جانب سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رابرٹ بلیک ول کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ پاکستانی اب سمجھ جائیں گے کہ انکا بھارت کے حوالے سے ماضی جیسا رویہ اب برداشت نہیں کیا جائیگا۔ نئی دہلی میں پارلیمنٹ پر حملے کے بعد سے ہر بھارتی وزیراعظم نے اب تک سنجیدگی سے یہی سوچا کہ پاکستان پر حملہ کر دیا جائے تاہم پھر وہ اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹ گیا۔ تاہم بھارتی عوام اور حکومت دونوں کے جذبات میں ہی بہت تبدیلی آ چکی ہے، نریندر مودی نے اگر پاکستان پر حملے کا فیصلہ کیا تو انکے اس فیصلے سے پیچھے ہٹنے کا امکان کم ہے۔ اگر بھارت میں کوئی بڑا دہشتگردانہ حملہ ہوا اور اس کی کڑیاں پاک فوج یا پھر آئی ایس آئی سے ملتی ہوئی نظر آئیبں تو مودی فوری طور پر پاکستان کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال کو ترجیح دینگے۔ اگرچہ ایسا یقین سے نہیں کہا جا سکتا تاہم اسکے قوی امکانات ضرور موجود ہیں۔ اب حالات بہت بدل چکے ہیں موجودہ بھارتی حکومت پاکستان کی جانب سے اشتعال انگیزی کو زیادہ دیر تک برداشت کرتی ہوئی دکھائی نہیں دے رہی۔
بلیک ول
بھارت میں دہشت گردی ہوئی تو مودی پاکستان کیخلاف طاقت استعمال کرسکتا ہے: سابق امریکی سفیر
Feb 07, 2015