ژوب: پی ٹی سی ایل کے 6 ملازم اغوا، مچھ میں نامعلوم افراد نے مزار نذر آتش کردیا

Feb 07, 2015

کوئٹہ، لورالائی (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) ژوب کے علاقے گوال اسماعیل زئی میں پی ٹی سی ایل کے 2 افسروں سمیت 6 ملازمین کو اغوا کرلیا گیا۔ مغویوں میں ڈویژنل انجینئر ڈویلپمنٹ حاجی اسد، ایس ڈی او نعیم اشرف، ڈرائیور محمد طاہر، شجاعت اور دیگر شامل ہیں۔ این این آئی کے مطابق بلوچستان کے علاقے مچھ میں نامعلوم افراد نے ایک مزار نذر آتش کر دیا۔ پولیس کے مطابق مزار کے دو کمرے مکمل تباہ جبکہ تمام بڑی تعداد میں مذہبی کتابیں راکھ بن گئیں۔ کوئٹہ سے 50 کلو میٹر جنوب مشرق میں واقع یہ مزار 1948 میں پیر طاہر الغنی البغدادی کی یاد میں بنایا گیا جو بغداد سے ہجرت کر کے یہاں آئے تھے۔ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کیلئے متعدد مقامات پر چھاپے مارے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔ غوثیہ عالیہ مزار کے متولی نے بتایا کہ مسلح افراد کے مزار میں داخل ہونے پر وہاں موجود ایک شخص دین محمد نے مزاحمت کی جس پر اسے شدید تشددکا نشانہ بنایا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پیر طاہر کے پیروکار مزار پر پہنچے اور دو گھنٹوں کی کوششوں سے انہوں نے آگ پر قابو پاتے ہوئے مزار کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔ جماعت اہل سنت پاکستان نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کوئٹہ اور مچھ میں مظاہرے کیے۔

مزیدخبریں