سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اقدام قتل کا ملزم ضمانت خارج ہونے پر فرار

Feb 07, 2015

لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اقدام قتل کے مقدمے کا ملزم ضمانت منسوخی پر عدالت سے فرار ہوگیا۔ ملتان کے رہائشی ملزم وقاص پر جائیداد کے تنازعہ میں اپنے ایک عزیز کو چھریوں کے وار کر کے زخمی کرنے پر ملتان پولیس نے ملزم کےخلاف اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ملزم وقاص نے ضمانت کی درخواست دے رکھی تھی۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کی ضمانت درخواست خارج کر دی جس پر ملزم وقاص سپریم کورٹ لاہور رجسٹری سے نکلتے ہی پولیس کو چکمہ دے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ملزم کی اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ سے بھی درخواست خارج ہوچکی ہے جسکے بعد اس نے سپریم کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کی۔ عدالت نے پولیس کو ملزم کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دےدیا۔

مزیدخبریں