اورنج لائن متاثرین کو اراضی کا تین ارب روپے سے زائد معاوضہ ادا کر دیا گیا: خواجہ احمد حسان

Feb 07, 2016

خصوصی رپورٹر

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر خواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ اور نج لائن میٹرو ٹرین کے لئے حاصل کی جانے والی جائیدادوں کا معاوضہ ادا کرنے کے لئے تین ارب روپے سے زائد رقم ادا کی جاچکی ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے نہ صرف معاوضے کے لئے فراخدلانہ پیکج دیا ہے بلکہ صرف ایک دن میں اس کی ادائیگی کو بھی یقینی بنایا ہے۔ پاکستان میں پہلی مرتبہ ون ونڈو آپریشن کے ذریعے مالکان کو معاوضے کا وائوچراُسی دن مل رہا ہے جسے بینک میں جمع کروانے کے بعد 24گھنٹے کے اندر اندر اس میں خزانے سے رقم بھی منتقل کر دی جاتی ہے۔ وہ گزشتہ روز اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے اور اس کے لئے حاصل کی جانے والی اراضی کا معاوضہ ادا کرنے کے سلسلے میں اب تک کی جانے والی پیش رفت کے بارے میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایم این اے پرویز ملک ، صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ ، مجتبیٰ شجاع الرحمن ، بلال یٰسین ، سینئر ممبر بورڈ آف ریوینیو زاہد سعید، کمشنر لاہور عبداللہ سنبل، ڈی سی او کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد عثمان اور ڈائریکٹر جنرل لاہور اوردیگر ڈویلپمنٹ اتھارٹی احد خان چیمہ بھی موجود تھے۔ خواجہ احمد حسان نے کہا کہ اورنج لائن منصوبے کیلئے دیا جانے والا معاوضہ سرکاری ریٹ سے کہیں زیادہ ہے۔ معاوضہ دینے کے لئے 20ارب روپے مختص کئے گئے ہیں شہر کے مختلف علاقوں میںکمرشل اراضی کا معاوضہ 35لاکھ روپے فی مرلہ تک دیا جا رہا ہے -زمین کی مالیت کے علاوہ ایکوزیشن چارجز کے طور پر 15فیصد رقم اضافی طور پر ادا کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف سرکاری محکموں کی زمین پر گزشتہ 50یا 60سال سے مقیم غریب لوگوں یا لیز پر قیام پذیر افراد جنہیں مالکانہ حقوق نہیں دئیے جا سکتے تھے مثلاََ بنگالی بلڈنگ اور مہا راجہ بلڈنگ، ان کے مکینوںکیلئے خصوصی پیکج دیا گیا ہے ۔ ایسی کئی جگہوں پر ایک ایک کمرے میں 10افراد رہائش پذیر تھے ، ایسے خاندانوں کو10لاکھ روپے فی گھرانہ کے حساب سے خصوصی امداد دی جا رہی ہے ۔

مزیدخبریں