کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلی ٰسندھ سید قائم علی شاہ نےK-IV منصوبے کی تکمیل کے لئے اسپیشل سیکیورٹی فورس قائم کرنے کے احکامات دیئے ہیں تاکہ یہ منصوبہ دو سال کے اندر اندر مکمل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ صوبے کی ترقی کے لئے بہت ہی اہم منصوبہ ہے اس لئے اس کی تکمیل میں لاپروائی اور تاخیر برداشت نہیں کریں گے ۔ یہ بات انہوں نے وزیراعلی ٰہاؤس میں K-IV کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی اجلاس میں صوبائی وزراء سید مراد علی شاہ، جام خان شورو، چیف سیکرٹری صدیق میمن، ایڈیشنل چیف سیکریٹری اعجاز علی خان، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری علم الدین بلو ، سیکرٹری خزانہ سہیل راجپوت، سیکرٹری بلدیات نور محمد لغاری، کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ ، ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ چند نجی لو گ اس منصوبے کی تعمیر کے کام میں مشکلات پیدا کر رہے ہیں جس سے نہ صرف کام میں تاخیرہو رہی ہے بلکہ مزدورں بھی ہراساںہو رہے ہیں اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکرٹری سندھ کو کراچی واٹر بورڈ سے ذاتی طور پر رابطہ کر کے انکو مطلوبہ سیکورٹی فورس فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی سیکیورٹی کے لئے ڈی ایس پی کے ماتحت ایک خصوصی فورس تشکیل د ی جائے اور انہوں نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس منصوبے کی سیکیورٹی کی دیکھ بھال کے لئے ایس ایس پی ملیر اور ٹھٹھہ سے ذاتی طور پر رابطہ کریں ۔ اجلاس کے دوران کمشنر کراچی نے بتایا کہ اس منصوبے کے لئے ٹھٹھہ میں 5117 ایکڑ سرکاری زمین درکار تھی جو کہ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری کے بعد مہیا کردی ہے اور اسکے علاوہ کراچی میں لائنیں بچھانے اور دیگر تعمیراتی کام کے لئے 8225ایکڑ زمین درکار ہے ۔ کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ نے مزید بتایا کہ مطلوبہ زمین میں سے صرف 6218 ایکڑ سرکاری زمین موجود ہے جبکہ بقیہ زمین نجی لوگوں کی ملکیت ہے اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری سندھ کو پرائیوٹ پراپرٹی حاصل کرنے کے لئے ذاتی طور پر معمالات کو دیکھنے کی ہدایت کی۔ واضح رہے کے K-IVمنصوبے کی کل لاگت 25.5بلین روپے ہیں اور ا س منصوبے سے کراچی کو تین مر احل میں 650 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جائیگا۔ پہلے مرحلے میں کھینجر سے کراچی تک 260 ایم جی ڈی پانی ، دوسرے مرحلے میں 260 ایم جی ڈی پانی اور تیسرے اور آخری مرحلے میں 130 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جائیگا۔ اور اس منصوبہ کا آغاز 2020 سے ہوگا ۔
کے فور منصوبے کیلئے اسپیشل سکیورٹی فورس قائم کرنے کا حکم
Feb 07, 2016