لاہور (نیوز رپورٹر) میوہسپتال کی قدیم عمارت کے خستہ حال وارڈوں ، برآمدوں اور کوریڈورز کی تعمیر و مرمت اور تزئن و آرائش کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے - اس مقصد کے لئے فرینڈز آف میوہسپتال نے یہ ذمہ داری اٹھا لی ہے - اس منصوبے پر ابتدائی طور پر 22 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے - پہلے مرحلہ میں ویسٹ سرجیکل وارڈ سے ترقیاتی کام کا آغا کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں گذشتہ روز سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ کی زیر صدارت ان کے دفتر میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں معروف آرکیٹیکچر نیئر علی دادا ، پیر فرید احسن الدین، فرخ مجید ، میاں احمد عرفان ، بیگم زاہدہ احسن الدین، ڈاکٹر عباس رضا، مسز امبرین عرفان، مسززینب سلیمان ، مسز فاطمہ فضل اور چیف ایگزیکٹو میو ہستپال پروفیسر اسد اسلم خان نے شرکت کی۔ سیکرٹری نجم احمد شاہ نے بتایا کہ مخیر حضرات کے اس گروپ نے وزیر اعلی محمد شہباز سے ملاقات میں بھی میو ہسپتال میں ترقیاتی کام اپنے اخراجات پر کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔