جائلز کلارک کا دورہ،آئی سی سی اجلاس پاکستان کیلئے مثبت رہا

لاہور( حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) ملک میں امن و امان کی بہتر ہوتی صورتحال اور جائلز کلارک کے دورہ پاکستان کی مثبت رپورٹ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا حالیہ اجلاس پاکستان کے لیے حوصلہ افزا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جائلز کلارک نے آئی سی سی ممبران کو لاہور میں شیڈول پاکستان سپر لیگ کے فائنل کو دیکھنے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کریں اور اس موقع پر پاکستان جائیں اس طرح تمام اراکین پاکستان کے حالات کو خود بہتر انداز میں دیکھ سکتے ہیں۔جائلز کلارک نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا وہ بہت جلد پاکستان میں غیر ملکی ٹیموں کو دیکھ رہے ہیں۔ ذرائع کیمطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی بنگلہ دیش کرکٹ حکام سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔ بنگلہ دیش نے اپنی اکیڈمی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے حوالے سے مثبت جواب بھی دیا ہے۔ سیکیورٹی کی بہتر صورتحال برقرار رہی اور اسمیں وقت کے ساتھ ساتھ بہتری آتی رہی تو کامن ویلتھ ٹیم یا ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کی امکانات بڑھ جائیں گے۔ اس حوالے سے جائلز کلارک خاصے متحرک اور پرجوش ہیں۔ آئی سی سی کے وفد کے دورہ پاکستان پر بھی بات ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین نے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ نہ ہونے سے مالی نقصان کی تفصیلات بھی اراکین کے سامنے رکھیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش اکیڈمی ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے آئندہ چند روز میں دونوں ممالک کے بورڈز کے اعلی عہدیداروں کے درمیان مزید بات چیت ہوگی۔ ابتدائی گفتگو حوصلہ افزا ہونے سے دورے کے امکانات روشن ہیں۔ پاکستان نے بگ تھری کے حوالے سے بھی اپنا موقف واضح انداز میں پیش کیا۔

ای پیپر دی نیشن