اسلام آباد (این این آئی+ اے پی پی) پاکستان اور چین کے درمیان ہونیوالے ثقافتی معاہدے کے ایگزیکٹو پروگرام کے تحت دونوں ممالک فلم، براڈ کاسٹنگ، آرٹ، ثقافت، تعلیم وتحقیق، پریس، پبلی کیشن، کھیل اور امور نوجوانان کے شعبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کرینگے۔ پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی معاہدے کے ایگزیکٹو پروگرام پر دستخط کئے گئے ۔ پاکستان کی جانب سے وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب جبکہ چین کی طرف سے وزیر ثقافت لوشوگانگ نے معاہدے پر دستخط کئے۔ اس موقع پر چین میں پاکستانی سفیر اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ معاہدے کے تحت دونوں ممالک ریڈیو، فلم اور ٹیلی ویژن کے شعبے میں اشتراک عمل کو وسعت دینگے۔ پاکستان اور چین کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق دونوں ممالک اطلاعات کے باہمی تبادلے کے طریقہ کار پر بھی کام کریں گے جس کے تحت ریڈیو پاکستان اور چائینہ ریڈیو انٹرنیشنل خبروں کا تبادلہ کرینگے۔ اس کے علاوہ پاکستان اور چین ثقافتی وفود اور طائفوں کا تبادلہ کرینگے اور ایک دوسرے کے ممالک میں نمائشوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ معاہدے پر دستخط سے قبل ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور چین اسٹریٹجک شراکت دار ہیںدونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان چین تعلقات اوردوستی پہاڑوں سے اونچی اور سمندروں سے زیادہ گہری ہے ،پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی تعاون پر مبنی معاہدے سے دونوں ممالک کے مابین ثقافتی تعلقات مضبوط ہونگے اور عوامی رابطوں کو فروغ حاصل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔
پاکستان اور چین میں ثقافتی معاہدے کے پروگرام پر دستخط: تعلقات مستحکم ہونگے : مریم اورنگزیب
Feb 07, 2018