اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) پاکستان کے فوجی فوڈز لمیٹڈ اور آسٹریلیا کی حکومت کے درمیان ایک سمجھوتے پر دستخط ہوئے ہیں جس کے تحت لیہ اور مظفر گڑھ میں دودھ اکٹھا کرنے کے خصوصی مراکز قائم کئے جائیں گے۔ پاکستان میں آسٹریلیا کی ہائی کمشنر اور فوجی فوڈز کے چیف ایگزیکٹو لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال نے گزشتہ روز بھلوال میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں سمجھوتے پر دستخط کئے۔ آسٹریلیا کی ہائی کمشنر نے حکومت آسٹریلیا اور فوجی فوڈز کے درمیان دودھ اکٹھا کرنے کے مراکز کے لئے تعاون کے سمجھوتے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ان مراکز کے قیام سے پاکستان میں دودھ کی طلب پوری کرنے کے لئے 3.5 ارب لٹر دودھ کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ دودھ کے مذکورہ مراکز کسانوں کو معلومات بھی فراہم کریں گے۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ آسٹریلیا کو پاکستان کی ترقی پذیر معیشت کو مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے پر خوشی ہو رہی ہے۔ آسٹریلیا کی پاکستان کے ساتھ ترقی کے عمل میں شراکت سے پاکستان میں غربت کا خاتمہ کرنے میں مدد ملے گی۔