اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ میں طیبہ تشدد کیس میں گواہ گلدراز کے عدالت میں عدم پیشی پر قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوگئے، منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی عدالت میں طیبہ تشدد کیس کی سماعت شروع ہوئی تو سابق ایڈیشنل سیشن جج راجہ خرم علی خان اور ایڈوکیٹ جنرل میاں عبدالرف عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست گزار کی طرف سے راجہ رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے دوران سماعت طیبہ کے والد اعظم کا بیان ریکارڈ ہوا وکلا نے جرح بھی مکمل کی، عدالت نے حکم دیا کہ کل پٹھانی بی بی کو بھی عدالت میں پیش کر کے بیان ریکارڈ کرایا جائے ،عدالت نے مزید سماعت آج (بدھ کو) تک کے لیے ملتوی کر دی۔ علاوہ ازیں ہائی کورٹ میں طیبہ تشدد کیس کی سماعت کے دوران موبائل پر راجہ رضوان عباسی ایڈووکیٹ کا ایسوسی ایٹ موبائل پر ریکارڈنگ کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ منگل کو طیبہ تشدد کیس کی سماعت کے دوران راجہ رضوان عباسی ایڈووکیٹ کا ایسوسی ایٹ موبائل پر ریکارڈ کر رہا تھا عدالتی اہلکار نے موبائل پکڑ کر معزز جج کو پیش کردیا جس پر عدالت نے سخت اظہار برہمی کیا ریمارکس دئیے کہ اگر آپ عدالت کا احترام نہیں کریں گے تو کون کرے گا،؟ کیا تم اپنا کیرئیر شروع کرنے سے پہلے تباہ کرنا چاہتے ہو، تمہارا کیس بارکونسل کو بھی بھیج سکتے ہیں، جس پر وکیل نے معافی مانگ لی، عدالت نے غیر مشروط معافی قبول کرتے توہین عدالت کا نوٹس واپس لے لیا۔