اسلام آباد (نا مہ نگار) احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں کے ڈیلی ویجز ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے نواز شریف کی گاڑی کو روک لیا اور ان کی گاڑی پر مکے برساتے رہے، سابق وزیر اعظم کے سکیورٹی سٹاف اور ملازمین کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی، ملازمین نے اس موقع پر وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ نواز شریف اپنی بیٹی اور نواسی کے ہمراہ احتساب عدالت پہنچے تو ڈیلی ویجز ملازمین اپنی مستقلی اور تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے مظاہرہ کر رہے تھے، پہلے تومیاں نواز شریف سمجھے کہ یہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان ان کے استقبال کے لیے جمع ہیں، نواز شریف نے انہیں ہاتھ ہلانا شروع کیا تو ملازمین نے ان کی گاڑی کو گھیر لیا اور بعض نے ان کی گاڑی پر مکے برسائے۔