ملتان+ گوجرہ (صباح نیوز + نامہ نگار) ملتان نشتر ہسپتال میں سیزنل انفلوئنزا کے شبے میں مزید 2 جبکہ گوجرہ میں 2 خواتین بچوں سمیت ہسپتال داخل، تفصیل کے مطابق ملتان نشتر ہسپتال میں گزشتہ 7 ہفتوں کے دوران رپورٹ ہونے والے مریضوں کی تعداد 274 تک پہنچ گئی ہے اور 45 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ نشتر ہسپتال میں داخل 2 افراد کے خون کے نمونے تجزیے کے لیبارٹری بھجوا دئیے گئے ہیں۔ نشتر ہسپتال میں اسوقت زیرعلاج مریضوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے جن میں سے 4 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ 3 افراد کو آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔ گوجرہ سے نامہ نگار کے مطابق چک 160 گ ب کالیکی کے محمد شہباز کی اہلیہ صغراں بی بی سیزنل انفلوئنزاکا شکار ہو گئی جسے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرہ کے بعد مخدوش حالت کے پیش نظر الائیڈ ہسپتال پہنچایا گیا۔ بعدازاں صغراں بی بی کے خاوند محمد شہباز، چار سالہ میرب، چھ سالہ امبر، پانچ سالہ سیرت، ڈیڑھ سالہ عبدالرحمن کو بھی ہسپتال پہنچایا گیا۔ صغراں بی بی کی عیادت کرنے والی قریبی رشتہ دار چک نمبر 155 گ ب چاہلاں کی راشدہ بی بی اور اس کا پانچ ماہ کا بیٹا ابوبکر بھی سیزنل انفلوانزا کا شکار ہو گیا۔ صغراں بی بی کے بچوں امبر اور میرب کے ساتھ ہسپتال داخل کر لیا گیا ہے جن کے ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں جبکہ دیگر بچوں سیرت، شہباز، عبدالرحمن شہباز، ابتسام، مریم اور راشدہ بی بی کے خاوند نثار احمد، صغراں بی بی کے خاوند محمد شہباز کو ویکسین لگا کر ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔
سیزنل انفلوئنزا،ملتان میں مزید 2 مریض گوجرہ: 2 خواتین بچوں سمیت ہسپتال داخل
Feb 07, 2018