کوئٹہ ( اے پی پی)قومی احتساب بیورو بلوچستان نے محکمہ خوراک میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کے کیس میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے موجودہ رکن بلوچستان اسمبلی و سابق وزیر خوراک میر اظہار حسین کھوسہ کو گرفتار کر لیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق سابق وزیر خوراک نے بڑے پیمانے پر مالی کرپشن کرتے ہوئے قومی خزانے کو تقریبا 28 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا۔ کوئٹہ گندم خورد برد کیس میں سابق وزیر خوراک میر اظہار حسین کھوسہ نے محکمانہ سفارشات کے بر خلاف بری ساکھ کے حامل گریڈ 6 کے منظور نظر ملازم عنایت کو انچارج پی آر سی سینٹر سریاب تعینات کروایا، اس دوران وزیر خوراک کی آشیرباد سے 65 ہزار گندم کی بوریاں غبن کر کے قومی خزانے کو تقریباً 28 کروڑ کا نقصان پہنچایا گیا۔ ملزم کو گرفتار کر کے نیب بلوچستان جیل منتقل کر دیا گیا ہے جنہیں آج احتساب عدالت میں پیش کرکے کیس میں مزید تحقیقات کے لئے جسمانی ریمانڈ لیا جائیگا، اہم ملزمان کی گرفتاریاں جلد متوقع ہیں۔