واشنگٹن (آن لائن) افغانستان میں موجود ایک اعلیٰ امریکی کمانڈر کا کہنا ہے کہ طالبان کے ساتھ سیاسی مذاکرات افغانستان میں امریکی معرکہ کے اختتام کا ایک اہم حصہ ہے۔ جنرل سکاٹ ملر نے اے بی سی نیوز کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ نہ ہی امریکہ اور نہ ہی طالبان اس پوزیشن میں ہیں کہ وہ جنگ جیت سکیں لہٰذا یہ سیاسی حل کی طرف دیکھنے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا 'میں سمجھتا ہوں سیاسی مذاکرات مثبت ہیں کیونکہ کوئی بھی فریق اپنی عسکری طاقت سے نہیں جیت سکتا اور اگر کوئی فوجی طاقت سے نہیں جیت سکتا تو آپ کو سیاسی حل کی طرف بڑھنا چاہیے۔ انٹرویو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ سمجھتے ہیں کہ افغانستان میں امریکی معرکے کے اختتام میں طالبان ایک اہم حصہ ہیں؟ جس پر انہوں نے کہا کہ 'بالکل' ایسا ہی ہے۔ انٹرویو کے دوران ان سے پوچھا گیا کہ آیا انہیں افواج کو واپسی گھر بھیجنے کے احکامات ملے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ نہیں۔ جنرل ملر نے واضح کیا افغانستان میں کوئی ایسا معرکہ ختم نہیں ہونے والا جو دہشت گردوں کو ایک محفوظ پناہ گاہ فراہم کرے۔ ان کا کہنا تھا 2001ء میں دنیا کو یہ واضح تھا ہم افغانستان میں کیا کر رہے ہیں جبکہ 2019 میں بھی وہاں ہمارا قومی مفاد ہے جس کی حفاظت کی ضرورت ہے'۔
واشنگٹن، طالبان جنگ جیتنے کی پوزیشن میں نہیں، سیاسی مذاکرات امریکی معرکے کے اختتام کا اہم حصہ ہے: جنرل سکاٹ ملر
Feb 07, 2019