لندن (نیوز ایجنسیاں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آسیہ بی بی آزاد ہے ، ملک چھوڑنا چاہے تو چھوڑ سکتی ہے ، پاکستان میں رہی تو حکومت تحفظ فراہم کریگی، آزاد جموں وکشمیر میں سب کو رسائی دی ہوئی ہے، سب کو کہتے ہیں آئیں اور صورتحال کا خود جائزہ لیں، ہمارے پاس چھپانے کو کچھ نہیں ہے، بھارت جو مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم ڈھا رہا ہے اس کو چھپانے کےلئے وہاں رسائی نہیں دیتا، ہمیشہ کہتے رہے افغان مسئلے کا فوجی حل نہیں ہے، پاکستان افغانستان مسئلے کے پرامن حل کے سلسلے میں سہولت کاری جاری رکھے گا، پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری آ رہی ہے، وزیراعظم عمران خان پاکستان کے مفاد میں امریکی صدر ٹرمپ سمیت کسی سے بھی ملنے کو تیار ہیں۔ بدھ کو بی بی سی کو انٹرویو میں شاہ محمود قریشی نے کہاکہ آسیہ بی بی اس وقت پاکستان میں موجود ہیں اور آزاد ہیں، سپریم کورٹ نے انکو بری کیا ہے۔ ریاست کی رٹ کو چیلنج نہیں کرنے دیں گے۔ ایسا کر نے والوں کی گرفتاریاں کیں اور جیلوں میں ڈالا ہے۔ پاکستان خطے میں امن و خوشحالی کا خواہاں ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کی گمراہ کن منظر کشی کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ انسانی حقوق کے کمشنر اور آل پارٹی پارلیمنٹیرین گروپ کی رپورٹس نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا ہے۔ ہم آزاد جموں کشمیر میں سب کو رسائی دی ہوئی ہے۔ ہم خوش آمدید کہتے ہیں آئیں اور وہاں صورتحال کا خود جائزہ لیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ہم اپنے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ افغانستان کو اپنی سرحد کے اندر ابھی بہت کچھ کرنا ہے۔ دہشتگردوں کی اگر کوئی پناہ گاہیں باقی ہیں تو وہ سرحد کی دوسری پار افغانستان میں ہیں۔ وائس آف ایشیا کے مطابق امریکہ نے پاکستان کی قیادت پراعتماد کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان نے یہ بات طے کرلی ہے کہ اب پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں پاکستان کا مفاد بنیادی شرط ہو گا اور اسی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے صدر ٹرمپ سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔ اے پی پی کے مطابق وزیر خارجہ سے سابق وزیراعلیٰ سندھ سید غوث علی شاہ نے بدھ کو لندن میں ملاقات کی۔ سید غوث علی شاہ نے مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے، افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کے لئے بہترین خارجہ پالیسی اپنانے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو مبارکباد پیش کی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پذیرائی پر سید غوث علی شاہ کا شکریہ ادا کیا۔ سید غوث علی شاہ کے صاحبزادے سید اسرار علی شاہ بھی موجود تھے۔
شاہ محمود