ملتان+ ٹوبہ ٹیک سنگھ + شور کوٹ چھاﺅنی (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ عبدالعلیم خان کی گرفتاری ثابت کرتی ہے کہ عمران خان کے دور میں انصاف کا بول بالا ہو گا، پہلے ہی پیشگوئی کی تھی کہ بڑی گرفتاریاں ہونے جا رہی ہیں۔ عمران خان کسی ایسے شخص کے ساتھ کھڑے نہیں ہوں گے جس پر کوئی الزام ہو، عبدالعلیم خان پر ابھی کوئی جرم ثابت نہیں ہوا۔ 30مارچ سے پہلے یا بعد میں چور، لیٹرے اور ڈاکو ڈیل پیکج میں فارغ ہو جائیں گے۔ پہلے ایک کی ڈیل ہو رہی تھی اب پورا پیکج لیا جا رہا ہے، پی اے سی جا کر کسی سے لڑونگا نہیں۔ وزیراعظم سے بات کروں گا۔ 8تاریخ کو قوم کو آگاہ کروں گا۔ جب کہ سانحہ ساہیوال میں بڑا ظلم ہوا ہے، جوڈیشل کمشن بھی بنے تو کوئی حرج نہیں۔ بلاول دل کا جانی ہے اب معافی مانگ لی اب صلح ہو گئی۔ اللہ جانتا ہے حکومت نہیں جاتی، ابھی چل رہی ہے مگر آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے گا۔ نواز، اسحاق ڈار، مریم سمیت اس پیکج میں شامل ہیں۔ یہ ڈھیل،ڈیل یا دھکہ ایک بندے کا ہو رہا ہے یا پورے خاندان کا۔ عوام نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ بھوکے رہ لیں گے، تاہم وزیر اعظم سے مطالبہ ہے ان چوروں ڈاکووں کا احتساب ہونا چاہئے۔ انہیں کسی صورت بھی ڈھیل نہیں ملنی چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سعد رفیق اور رانا ثناءاللہ دونوں کو پبلک اکاونٹس کمیٹی کا ممبر بنا دیں مجھے کیا اعتراض ہوگا۔ شہباز شریف بولے گا اس کے بعد احترام سے میں اپنی بات کروں گا، انہوں نے کہا کہ میں ایک سچا آدمی ہوں جھوٹ نہیں بولوں گا۔ عظیم فوج اور قمر جاوید باجوہ عظیم جرنیل ہے، فوج جمہوریت کے ساتھ ہے، سسٹم کو چلانے کی خاطر پاک فوج کو کرپٹ سیاست دانوں کی بھی حفاظت کرنا پڑ رہی ہے، اس پر پوری قوم باجوہ صاحب کو سلیوٹ کرتی ہے، ملک کا سسٹم بیٹھ چکا ہے، عمران خان کو لٹا ہوا خزانہ ملا ہے، سپیکر قومی اسمبلی کو پہلی بار اسمبلی میں دیکھ رہا ہوں، سپیکر کی شان میں کوئی گستاخی نہیں کرنا چاہتا ہوں تاہم دال میں کچھ کالا ضرور ہے۔
شیخ رشید