اسلام آباد(خصوصی نمائندہ ) وفاقی وزیر قومی صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ پنجاب میں غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے 60سے لے کر 70لاکھ خاندان اس پروگرام سے مستفید ہوں گے ۔ اب کسی غریب کو اپنے علاج کے لیے ٓگھر کے برتن نہیں بیچنا پڑیں گے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،وفاقی وزیر قومی صحت عامر محمود کیانی کی موجودگی میں مشترکہ انتظامات فارمولے کے تحت حکومت پنجاب کے ساتھ معاہدہ پر دستخط ہوئے ۔یہ معاہدہ پنجاب کے تمام اضلاع میں نافذالعمل ہوگا ۔ اس موقع پرانہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام سے معاشرہ کے پسے ہوئے طبقات اور غریب خاندانوں کو معیاری علاج معالجہ کی سہولیات مفت میسر آئیں گی ،انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ پاکستان کی تاریخ میںصحت عامہ کا سب سے بڑا انقلابی پروگرام ہے۔صحت انصاف کارڈ کا پیکج 7 لاکھ 20 ہزار روپے کر دیا ہے ،اس سے پہلے کسی حکومت نے صحت کے لیے اتنا بڑا پیکج نہیں دیا ۔