حکومت ہی ملزمان کی ہے ، الزامات پر شہباز شریف گرفتار ہو سکتے ہیں تو پرویز خٹک کیوں نہیں،طلال چودھری

Feb 07, 2019

اسلام آباد (وقائع نگار) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ یہ حکومت ہی ملزمان کی ہے ، الزامات پر شہباز شریف گرفتار ہو سکتے ہیں تو پرویز خٹک کیوں نہیں ، عدالتوں سے انصاف کی توقع ہے ، ڈیل یاڈھیل نہیں مانگ رہے ، عمران اور بزدار کو بابا شہباز کے دم کی ضرورت ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست کی سماعت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے علیم خان کے گرفتاری کے حوالے سے کہا کہ یہ حکومت ہی ملزمان کی ہے ، الزامات پر شہباز شریف گرفتار ہو سکتے ہیں تو پرویز خٹک کیوں نہیں۔ سابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ چھ مہینے سے چور ڈاکو چور ڈاکو بیچا ، 20 سالہ تبلیغ سے کچھ نہ ملا تو این آر او شور مچا دیا ، ہم ڈیل اور ڈھیل نہیںمانگ رہے ، ہمیں عدالتوں سے انصاف کی توقع ہے اور عدالت عالیہ اور عدالت عظمیٰ میں پیش ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنڈی اور جہلم کے لمبی زبان والے وزرا کو چھوڑ دیتے ہیں ، شیخ رشید روز پی اے سی کا واویلا کرتا ہے ، شہباز شریف آپ جیسے بگڑے بچوں کو ٹھیک کرے گا ۔ طلال چوہدری نے مزید کہا کہ 12 کروڑ کا صوبہ انڈر ٹرینڈ شخص کے ہاتھ میں دیدیا گیا ہے ، عمران اور بزدار کو بابا شہباز کے دم کی ضرورت ہے۔ سلیوٹ کرنے پر پولیس اہلکار کو معطل کر دیا گیا ہمارے منصوبوں پر تختیاں لگائی جارہی ہیں جہلم اور پنڈی کے بلے اور پلے کی وجہ سے حکومتی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے ، وزرا سے مہنگائی کا پوچھو تو شور مچاتے ہیں۔ پاکستان میں اس وقت چوروں کی حکومت ہے۔ ڈیل اور ڈھیل کا کوئی معاملہ نہیں ، ہمارا مطالبہ ہے کہ احتساب کا یکساں معیار اپنایا جائے۔

مزیدخبریں