صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی سربراہی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 4 کولڈ سٹورزمیں رکھی 24 ہزار کلو زائد المعیاد اشیاء برآمد کر لیں۔ ناقابلِ سراغ اشیاء کی فروخت پر کولد سٹور کو جرمانہ اور بھاری مقدار میں مضر صحت اشیاء تلف کر دی گئیں۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی آپریشن اور ویجلینس ٹیموں نے صوبائی وزیر خوراک اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں بڑی کارروائیاں کیں۔سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے سوینیئر کولد سٹور سے1600 کلو جانوروں کی باقیات،800 کلو مرغی کا گوشت جبکہ کولڈ کرافٹ کولڈسٹورسے دو سال پرانی1200 کلو زائدالمیعاد مکئی، 190کلو قیمہ اور 20 ہزار کلو گلی سڑی شکر قندی برآمد کی گئی۔بھو بھتیاں چوک پر چیکنگ کے دوران قوانین کی خلاف ورزیوں پر کارساز پروٹین کی پروڈکشن اور سیل بند کر دی گئی۔مزید برآں پولر کولد سٹوریج کی پروڈکشن اصلاح کرنے تک بندکرتے ہوئے 600 کلو مرغی کا مضر صحت گوشت تلف کر دیا گیا۔علاوہ ازیں سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں کونٹیک کولڈ سٹوریج کو ناقابلِ سراغ اشیاء کی فروخت پر 50 ہزار کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ گلی سڑی شکر قندی چینی کی تیاری کے لیے رکھی گئی تھی۔اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک کا کہناتھا کہ صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف جنگ کامیابی تک جاری رہے گی۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان واضح کیا کہ کھیت سے پلیٹ تک محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔