اسلام آباد: قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت ایک اہم ترین اجلاس نیب ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں پراسیکوٹر جنرل نیب ، ڈی جی آپریشنز، ڈی جی نیب راولپنڈی اور نیب کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیک اکائونٹس کیس کے فیصلہ کی روشنی میںچئیرمین نیب نے ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی کی سربراہی میں کمبائنڈانوسٹی گیشن ٹیم (CIT) تشکیل دی تھی اور اس بات کا فیصلہ کیاگیا تھا کہ چئیرمین نیب کمبائنڈانوسٹی گیشن ٹیم (CIT) کی براہ راست نگرانی کریں گے۔ نیب کی کمبائینڈ انوسٹی گیشن ٹیم(CIT) نے قانون کے مطابق باقاعدہ طور پر ا پنا کام شروع کردیا تھا اجلاس میں نیب فیک اکائونٹس کیس کی ابتدائی رپورٹ اور مختلف مقدمات میں پیشرفت کا تجزیہ کیاگیا۔ اجلاس میں مکمل لائحہ عمل ترتیب دیا گیا جس کے تحت مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ کچھ ٹیمیں نیب ہیڈکوارٹرزاور کچھ کراچی جا کرٹھوس شواہدکی بنیاد پر بیانات ریکارڈکریں گی۔ اجلاس میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلہ کی روشنی میں بینکنگ کورٹ سے 16اے کے تحت مقدمہ احتساب عدالت کو منتقل کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں چئیرمین نیب نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلہ پر من و عن عمل کرنے اور تمام توانائیاں استعمال کرنے کی ہدایت کی ۔ چئیرمین نیب نے کہا کہ نیب قانون اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کو مکمل شفافیت اور میرٹ پر منطقی انجام تک پہنچانے پر یقین رکھتا ہے۔ میڈیا سے درخواست ہے کہ وہ فیک اکائونٹس کیس سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کریں ۔
شیئر کریں:
Google+