لاہور+اسلام آباد(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) بنگلہ دیش ٹیم کے ہیڈ کوچ رسل ڈومینگو نیراولپنڈی ٹیسٹ کیلئے اپنے پتے شو کر دیئے ، پاکستان کیخلاف بنگلہ دیش ٹیم اپنے بلے بازوں پر بھروسہ کریگی ،رسل ڈومینگو کا کہنا ہے ہم پاکستانی باؤلرز کو خود پر حاوی نہیں ہونے دیں گے ۔پاکستان کیخلاف راولپنڈی ٹیسٹ کیلئے بنگلہ دیش ٹیم نے صف بندی شروع کردی،ہیڈ کوچ رسل ڈومینگو نے اپنے بلے بازوں سے بڑی اننگز کی امیدیں باندھ لیں۔رسل ڈومینگو کاکہنا تھا کہ انہیں یقین ہے راولپنڈی ٹیسٹ میں انکی ٹیم ٹی ٹونٹی سیریز سے بالکل مختلف نظر آئے گی۔رسل ڈومینگو کے مطابق ڈومیسٹک سیزن میں بہترین پرفارمنس دینے والے کپتان مومن الحق،تمیم اقبال،محمد متھن،سومیا سرکار اورلٹن داس پاکستانی باؤلرزکا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ سیف حسن اور تمیم اقبال اننگز اوپن کرسکتے ہیں۔ نجم الحسین شنتو نمبر تین،مومن الحق نمبر چار،لٹن داس پانچویں ،ریاض چھٹے اور لٹن داس ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرسکتے ہیں۔رسل ڈومینگو کاکہنا تھا پاکستان کی فاسٹ اور سپن بائولنگ لائن اپ زبردست ضرور ہے تاہم ہماری کوشش ہوگی کہ ہم یاسر شاہ سمیت کسی بھی باؤلرکوخود پر حاوی نہ ہونے دیں۔
پاکستانی بائولرز کو حاوی نہیں ہونے دینگے : رسل ڈومینگو
Feb 07, 2020