ملبورن(آئی این پی)بگ بیش لیگ (بی بی ایل)ٹیم میلبورن سٹارز نے دوسرے کوالیفائر میچ میں حارث رئوف کی عمدہ بالنگ کی بدولت سڈنی تھنڈرز کو 28رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے میچ میں میلبورن سٹارز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 194رنز بنائے۔مارکوس سٹوئنس نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 54گیندوں پر 3چھکوں اور7چوکوں کی مدد سے 83رنز کی اننگز کھیلی جبکہ نک لارکن نے 49گیندوں پر 3چھکوں اور 9چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 83رنز بنائے۔سڈنی تھنڈرز کی جانب سے ڈینیل سیمز سب سے مہنے بالر ثابت ہوئے جنہوں نے 4اوورز میں 41رنز دئیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے جبکہ کرس مورس نے 4اوورز میں 30رنز دے کر 2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ہدف کے تعاقب میں سڈنی تھنڈرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز ہی بنا سکی اور یوں میلبورن سٹارز نے 28رنز سے میچ جیت لیا۔ملبورن سٹارز کی جانب سے ایک مرتبہ پھر حارث روف نے انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے 4اوورز میں صرف 17رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نتھن کولٹرنیل اور ایڈم زامپا نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔