یمن کے دارالحکومت صنعاءکے مشرق میں عرب اتحادی فوج اور یمن کی آئینی فوج نے ایک مشترکہ آپریشن میں کم سے کم 36 ایران نواز حوثی جنگجو ہلاک کر دئیے۔ کارروائی میں درجنوں شدت پسند زخمی ہوئے اور انہیں بھاری مالی نقصان بھی پہنچایا گیا ۔عرب ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ مشرقی صنعاءمیں نھم کے محاذ پر پیش آیا۔ یہ محاذ یمن کی آئینی فوج اور حوثی باغیوں کے درمیان کئی ماہ سے میدان جنگ بنا ہوا ہے۔یمن کی مسلح افواج کے شعبہ اطلاعات کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ جمعرات کی صبح فوج نے حوثی باغیوں کو صلب ڈاریکٹوریٹ میں ایک کمین گاہ کی طرف آنے کا موقع دیا تاکہ ان کا گھیراﺅ کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔ اس کارروائی میں کم سے کم 36 حوثی باغی ہلاک اور دسیوں زخمی ہوئے ہیں۔ نھم کے محاذ پر حوثیوں کی بھاری جنگی مشینری اور کمک بھی تباہ کردی گئی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فوج نے نجد العتق کے مقام پر حوثیوں کی ایک بکتر بند گاڑی اور دیگر اسلحہ اور گولہ بارود پر بمباری کی جس کے نتیجے میں وہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ادھر ایک دوسرے سیاق نمیں نھم کے جنوب میں وادی نملہ کے مغرب میں اتحادی فوج نے حوثی باغیوں کی دو اسلحہ بردار گاڑیوں اور متعدد بکتر بند گاڑیوں کو تباہ کر دیا۔ شمال مشرقی گورنری الجوف میں سرکاری فوج اور حوثی ملیشیا کے درمیان ہونے والی لڑائی میں حوثیوں کو بھاری مادی نقصان اٹھانا پڑا ۔ عرب اتحادی فوج نے یمنی فوج کی مدد سے حوثی باغیوں کے متعدد ٹھکانوں پر بمباری کی۔ اس بمباری میں متعدد حوثی شدت پسند ہلاک اور زخمی ہوئے۔الجوف میں عرب اتحادی فوج نے الغیل اور حام کے مقامات پر پانچ فضائی حملے کیے جن میں باغیوں کی تین بکتر بند گاڑیاں تباہ اور ان میں موجود عملہ ہلاک ہو گیا۔
مشرقی صنعاء میں 36 حوثی جنگجو ہلاک، الجوف اورنھم میں کمک تباہ
Feb 07, 2020 | 11:01