فیروزوالا: لیگی رہنما قتل، ورثاء کانعش جی ٹی روڈ پررکھ کر احتجاج 

Feb 07, 2021

فیروز والہ،شیخوپورہ (نامہ نگار،نمائندہ نوائے وقت) رانا ٹائون میں دو سگے بھائیوں نے دیگر ساتھیوں کی مدد سے بھرے بازار میں فائرنگ کرکے سابق کونسلر اورمسلم لیگ (ن) فیروز والہ کے نائب صدر چوہدری منیر احمد گجر کو ہلاک کر دیااور فرار ہو گئے ۔ملزموں کا تعلق پی ٹی آئی سے بتایا جاتا ہے۔ منیر احمد کی ہلاکت پر مقتول کے ورثاء اور شہریوں کی بڑی تعداد نے جی ٹی روڈ پر نعش رکھ کر احتجاج کیا جس کے باعث ٹریفک کا نظام جام ہو کر رہ گیا۔ پولیس افسروں نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کیے اور ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کرانے پر ٹریفک بحال کر دی گئی۔ بتایا گیا ہے رانا ٹائون کے رہائشی سابق کونسلر اور مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری منیر احمد گجر کے بھتیجے فاروق اور ملزمان ارسلان وغیرہ کے درمیان گوبر پھینکنے پر جھگڑا ہوا جس پر منیر احمد نے ملزمان کے خلاف کارروائی کیلئے تھانہ فیروز والہ میں درخواست دی۔ پولیس نے دونوں پارٹیوں کو تھانے میں بلایا، اس دوران بھی انکے درمیان تلخ کلامی ہوگئی جس پر ملازمین اور شہریوں نے بیچ بچائو کرایا۔ دوبارہ طلب کرنے پر منیر احمد اپنے بھتیجے اور ساتھیوں کے ہمراہ تھانے جانے کیلئے اپنے دفتر کے باہر کھڑے تھے کہ موٹر سائیکلوں پر سوار ارسلان احمد اور اسکا بھائی بوٹا دیگر افراد کے ہمراہ آئے جنہوں نے فائرنگ کر کے منیر احمد گجر کو شدید زخمی کر دیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا ۔شیخوپورہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق منشیات فروشی سے روکنے پر منشیات فروشوں کے ایک ساتھی نے فائرنگ کرکے سابق لیگی کونسلرمنیر احمد گجر کو قتل کیا۔

مزیدخبریں