واشنگٹن(نوائے وقت رپورٹ) امریکا میں عالمی شہرت یافتہ قانونی میگزین ’دی ہارورڈ لا ریویو‘ کے صدر کیلئے مصری نژاد مسلمان امریکی قانون دان حسان شاہوے کا انتخاب کرلیا گیا ہے اور ایسا میگزین کی 134 سالہ تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے۔ اس میگزین میں امریکی صدر اوباما بھی 1990 میں بطور صدر کام کرچکے ہیں۔ میگزین کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اس میں ملک کی کئی اہم سیاسی اور قانونی شخصیات نے کام کیا ۔ میگزین امریکی عدالتوں میں ہونے والی بھرتیوں کا جائزہ لیتا ہے اور اس پر کڑی تنقید کا استحقاق بھی رکھتاہے۔ اپنے انتخاب پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے حسن شاہوے نے کہا کہ مسلمانوں کے بارے میں اچھی رائے نہیں رکھی جاتی اور انکی پہلی ترجیح اس منفی رائے کو تبدیل کرنا ہے۔