مجلس احرار کے امیر سید عطاء المہیمن انتقال کرگئے،نمازجنازہ آج ملتان میں ادا کی جائیگی 

ملتان، لاہور،چنیوٹ (سماجی رپورٹر، نمائندہ نوائے وقت،نمائندہ خصوصی) امیر شریعت سید عطاء اللہ شاہ بخاری کے فرزند،مجلس احرار اسلام کے امیر سید عطاء المہیمن شاہ ملتان میں انتقال کرگئے۔نماز جنازہ آج دن 11بجے قلعہ کہنہ قاسم باغ سٹیڈیم میں اداکی جائیگی۔مرحوم جامعہ خیرالمدارس ملتان میں تدریسی فرائض انجام دیتے رہے۔تحفظ ختم نبوت کی تحریک کے دوران مقدمات اور قید وبند کی صعوبتوں کو برداشت کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انکے انتقال پر افسوس کا اظہارکیا اور کہاکہ مرحوم دیندار اور نیک انسان تھے،انکی وفات سے یہ خطہ نامور عالم دین سے محروم ہوگیا ہے۔ جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے گہرے دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ انکا انتقال دینی حلقوں کیلئے بڑ انقصان ہے، عقیدہ ختم نبوت کیلئے وہ ایک توانا آواز تھے،انکی ساری عمر ختم نبوت کیلئے جدوجہد کرتے گزری۔سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری ، مولانا امجد خان، اسلم غوری اور دیگر نے کہاکہ مولانا عطاء المہیمن مجاہدانہ کردار کے ساتھ علم وعمل کی اعلیٰ مثال تھے۔عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے ناظم نشرواشاعت مولانا عزیزالرحمٰن ثانی، مولانا عبدالنعیم، قاری جمیل الرحمٰن، انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے نائب امیر قاری شبیر احمدعثمانی، قاری محمد سلمان اور دیگر نے کہاکہ ابن امیر شریعت کی دین کی بلندی کیلئے کی جانے والی جدوجہد کو قبول فرمائے اور جوار رحمت میں جگہ دے۔

ای پیپر دی نیشن