لاہور (نیوزرپورٹر) سینٹ انتخابات میں کامیابی کیلئے صوبائی حکومت نے بھی بھرپور تیاری شروع کردی، گور نرہاؤس کی میٹنگ میں چوہدری محمدسرور اورعثمان بزدار سمیت دیگر نے شر کت، سینٹ انتخابات کیلئے صوبائی وزراء کو بھی ارکان اسمبلی سے رابطوں کی ذمہ داریاں دی جائیں۔ سینٹ انتخابات، اپوزیشن کے احتجاج سمیت حکومتی اورسیاسی امور کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ اتحادیوں کیساتھ ملکر سینٹ انتخابات میں مخالفین کو سرپرائز دیں گے۔ پارٹی قیادت سینٹ انتخابات کیلئے جن بھی امیدواروں کو ٹکٹ دے گی انشاء اللہ ہم ان کو بھر پور کامیاب کر وائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں تحر یک انصاف متحد ہے اور تمام ارکان اسمبلی پارٹی پالیسیوں کیساتھ چٹان جیسی مضبوط سے کھڑے ہیں۔ اپوزیشن کے تمام عزائم پہلے بھی ناکام ہوچکے ہیں اور آئندہ بھی پی ڈی ایم ناکام اور حکومت ہی کامیاب ہوگی۔ سردار عثمان بزدار نے راجن پور کا طوفانی دورہ کیا اور اربوں روپے کے بڑے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا۔ راجن پور شہر کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے 15 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے راجن پور میں پناہ گاہ اور لنگر خانے کا دورہ کیا۔ دور افتادہ مقام ماڑی بھی گئے اور ماڑی کو سیاحتی مقام قرار دینے کا اعلان کیا۔ رکن پنجاب اسمبلی سردار فاروق امان اللہ دریشک کی رہائش گاہ پر اور معززین علاقہ سے کوٹ بہادر میں صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک کی فیکٹری میں مقامی لوگوں اور پارٹی ورکرز سے ملاقات کی۔ کوٹ مٹھن میں حضرت خواجہ غلام فرید کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ میں آپ کے پاس ضلع راجن پوری کیلئے بڑا ڈویلپمنٹ پیکیج لے کر حاضر ہوا ہوں۔ علاقے میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے مختلف محکموں میں تقریباً 600 سرکاری نوکریاں دی جا چکی ہیں۔ اب اتنی ہی مزید نوکریاں بھی دیں گے۔ مورنج ڈیم کی فیزیبلٹی سٹڈی بھی شروع ہے جس سے اس ضلع کا ایک بڑا حصہ سیراب ہو گا۔ ہم راجن پور کے عوام کو ان کا حق لوٹا رہے ہیں۔ پنجاب کے تمام پسماندہ علاقوں کی یکساں ترقی پاکستان تحریک انصاف کا نصب العین ہے۔ راجن پور کے پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی اب حکومت کی ترجیحات میں اولین ہے۔ 804 ترقیاتی منصوبے زیرتکمیل ہیں اور ان منصوبوں کو تقریباً 20 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ قائم ہو چکا ہے اور اب اسے مزید فعال اور بااختیار بنایا جا رہا ہے تاکہ آپ کو اپنے چھوٹے چھوٹے امور کیلئے لاہور کا رخ نہ کرنا پڑے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے کینال ریسٹ ہاؤس راجن پور میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کاافتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ اور پناہ گاہ میں مقیم ایک شخص نے ایک پلیٹ میں کھانا کھایا۔ وزیراعلیٰ نے پناہ گاہ اور لنگر خانے میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ عثمان بزدار، ایم این اے سردار محمد جعفر خان لغاری کی رہائش گاہ پر گئے۔ عثمان بزدار ماڑی گئے۔ ماڑی کا دورہ کرنے والے پہلے وزیراعلیٰ ہیں۔ وزیراعلیٰ کو کوہ سلیمان کے علاقوں کے مجوزہ پراجیکٹس کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
راجن پور کیلے 15ارب کے پیکج کا اعلان عوام کو لوٹا رہے ہیں عثمان بزدار
Feb 07, 2021