سوات (نامہ نگار) مینگورہ شہر کے محلہ لنڈیکس کے زکوٰۃ کے نائب چیئر مین محمد شیر نے فرائض میں ناکامی پر احتجاجا ً عہدے سے استعفٰی دے دیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غریبوں کے حق پر سیاست اورمستحقین کی حق تلفی مزید برداشت نہیں کرسکتا،محمد شیرنے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ مجھے قائدین نے مشاورت سے زکواۃ کانائب چیئرمین منتخب کیاتھا،ہمارے ذریعے سینکڑوں لوگوں کااندراج کیاگیا، کرونالہر کے دوران ہم نے 160فارم پُر کئے مگر ان میں سے صرف 31افرادکاانتخاب ہواجن کا تعلق ایک ہی علاقے سے ہے،انہوں نے کہاکہ ہم نے جن لوگوں کا اندراج کیا ہے وہ باربارہم سے پوچھتے ہیں لیکن ان کا حق ان کو نہیں دیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ان افراد کے ساتھ ساتھ ہمیں بھی پریشانی کا سامنا ہے،انہوں نے کہاکہ یہاں زکواۃ پر بھی سیاست ہورہی ہے جبکہ غریبوں اور مستحقین کو ان کے حق سے محروم رکھا جارہاہے جو میں مزید کسی صورت برداشت نہیں کرسکتا اور احتجاجاً اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔