لاہور(اسپورٹس رپورٹر)پاکستان کے سابق انٹر نیشنل باکسرزملک میں باکسنگ کے کھیل کو تباہی سے بچانے اور باکسنگ کی پروموشن کیلئے میدان میں آگئے۔ تفصیلات کے مطابق باکسنگ کے کھیل میں پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے والے سابق پاکستانی انٹرنیشنل باکسرز نے ملک میں موجود بے پناہ صلاحیتوں کے حامل باکسرز کے ٹیلنٹ کو زنگ آلود ہونے سے بچانے اور کلب باکسنگ کو فعال کرنے سمیت باکسنگ کے کھیل کو گراس روٹ لیول سے فروغ دینے کیلئے ایک تنظیم ’’پاکستان پریمئیر باکسنگ ‘‘ تشکیل دی ہے۔ سابق پاکستانی انٹرنیشنل باکسرز کے اجلاس میں سابق انٹرنیشنل باکسر امجد علی کو پاکستان پریمئیر باکسنگ کا چیئرمین ، سابق انٹرنیشنل باکسرفیضی خان کو صدر ، سابق انٹرنیشنل باکسرصیغم مثیل کوجنرل سیکرٹری اورسابق انٹرنیشنل باکسرشاہد منصور کو فنا نس سیکرٹری منتخب کیا گیا۔شاہدالحق (اسلام آباد)،رانا مجاہد ،احمد ناصر (پنجاب)،کمانڈر(ر)محمد علی ،صابر بلوچ(سندھ) سینئر نائب صدور ،طارق میر،انعام اللہ خان غازی نائب صدورمنتخب ہوئے۔