لاہور(نیوز رپورٹر) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماخواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہیرو کو ولن اور ولن کو ہیرو بنانے کا فیشن رائج ہے ،بونوں میں ہوا بھرنے کا کھیل فوری بند کرنا ہوگا،اگر آزاد کشمیر کے الیکشن میںدھاندلی کی گئی تو نتائج خطرناک ہونگے،ہم تمہیں کیوں استعفی ٰدیں ہم تو آپکا استعفی ٰلینے کیلئے لانگ مارچ لے کر آرہے ہیں آپکو استعفیٰ دینا ہوگا۔یوم یکجہتی کشمیر منانے کا فیصلہ نوازشریف نے کیاتھا ، کشمیری پہلے ڈوگرہ راج سے لڑے اب بھارتی ظلم کاشکار ہیں، کشمیریوں کی نسل کشی کی گئی، جوانوں کے لاشے گرائے گئے۔وہ مسلم لیگ ن لاہور کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔تقریب سے مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویزملک، شاہستہ پرویز ، جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر، عمران گورایہ اور فواد کیا نی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بھارتی فوج کے خفیہ ادارے کشمیریوں کے قتل عام کے دھندے میں ملوث ہیں ، مشرف نے مس ایڈونچر کیا ،انہیں کشمیریوں کی نسل کشی روکنے کا موقع ملا لیکن فائدہ نہ اٹھایا، آج صورتحال گھمبیر ہے، آزاد کشمیر کے انتخابات میں حکومت دھاندلی کے منصوبے بند کردے،سیاسی بونے کہتے ہیں مریم نواز کیوں بات کرتی ہیں جب خاندان کے سارے لوگوں کو پابند سلاسل اور لیڈر کے پائوں میں بیڑیاں ڈال دو گے تو بیٹیاں باہر آ کر بولیں گی، قومی اسمبلی میں لڑائی کی ٹرافی پی ٹی آئی کو جاتی ہے۔ پرویز ملک نے اپنے خطاب میں کشمیر کا مسئلہ تب حل ہوگاجب اندرونی مسائل حل ہونگے،ملک کو آرڈیننس کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔