اسلام آباد+ مانسہرہ+ بیجنگ (خبر نگار + اے پی پی+ شنہوا) پاکستان میںکرونا وائرس سے مزید 30 افراد جاں بحق ہو گئے، اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار 478 ہو گئی ہے۔ این سی او سی اعدادو شمار کے مطابق ملک بھر میں مزید 4 ہزار 874 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ مجموعی تعداد 14 لاکھ 59 ہزار 674 ہو گئی۔ این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 56 ہزار 51 کرونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح 8.69 فیصد پر پہنچ گئی۔ مانسہرہ کی ہزارہ یونیورسٹی کرونا کیسز رپورٹ ہونے پر10روز کے لیے بند کردی گئی، کیسز اساتذہ اور طلبا میں رپورٹ کیے گئے، یونیورسٹی میں 7فروری کو ہونے والے امتحانات 15فروری کو ہوں گے۔ دنیا بھرمیں مصدقہ کیسز کی تعداد 39 کروڑ30 لاکھ 74 ہزار 526 ہوگئی۔ امریکہ سرفہرست ہے۔ جبکہ بھارت دوسرے اور برازیل تیسرے نمبر پر ہے۔ دوسری طرف وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ مسلسل 3 دنوں کے دوران یومیہ ویکسی نیشن کا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔ سپین نے آئندہ ہفتے سے کرونا انفیکشن کے خلاف فیس ماسک پہننے کی پابندی کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ہسپانوی وزیر صحت کیرولینا ڈاریاس کے حوالے سے بتایا کہ اس کے لیے ایک تجویز کابینہ کے اجلاس میں منظور کی جائے گی۔ معلومات کو سرکاری سٹیٹ گزٹ میں شائع کیا جائے گا اور جمعرات سے نافذ العمل ہوگا۔ متحدہ عرب امارات نے 12 افریقی ملکوں بشمول نائجیریا، جنوبی افریقا، ایتھوپیا، کینیا، تنزانیہ، جمہوریہ کانگو، بوٹسوانا، استونیہ، لیسوتھو، موزمبیق، نمیبیا اور زمبابوے کے سفر پر عائد پابندی ختم کر دی ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا میں کرونا وائرس ویکسی نیشن لازمی قرار دیے جانے کے خلاف دارالحکومت اوٹاوا سے شروع ہونے والااحتجاج پرامن مگر شور شرابے سے بھرپور ہے۔ کانوائے فریڈم نامی یہ تحریک بارڈر کے دونوں طرف ٹرک ڈرائیورز کے لیے ویکسی نیشن لازمی قرار دیئے جانے کے خلاف شروع ہوئی تھی تاہم بعد میں اس کا رخ صحت کے حوالے سے ہونے والے اقدامات اور وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی حکومت کے خلاف ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تقریباً 5000 افراد نے اوٹاوا میں مظاہرہ کیا۔
کرونا:30اموات ،ہزارہ یونیورسٹی سیل،سپین میں ماسک کی پابندی ختم
Feb 07, 2022