چین افغانستان میں پاکستان کے کردار کا معترف،ایک دوسرے کیساتھ کھڑے ہونگے:شاہ محمود

Feb 07, 2022


اسلام آباد، بیجنگ (نامہ نگار+خبر نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب وانگ پی سے ملاقات کی۔ جس کے دوران دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود نے اس موقع پر کہاکہ پاکستان اور چین آئرن برادرز ہیں۔ پاکستان اور چین پورے خطے کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پرامن اور مستحکم افغانستان خطے میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ پاکستان اور چین اس سلسلے میں قریبی تعاون کو برقرار رکھیں گے۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بیجنگ میں "پاکستانی طلبا اور پروفیشنلز کی سہولت کیلئے بنائے گئے"پورٹل "کا افتتاح کیا۔ چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ پورٹل، پاکستانی طلبا اور چین میں پیشہ ورانہ کمیونٹی کے درمیان روابط بڑھانے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ بعد ازاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ چین ہماری توقعات سے بھی زیادہ کامیاب رہا۔ سرمائی اولمپک تقریب میں مختصر پاکستانی دستے کا چینی عوام نے جس طرح استقبال کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ چین اور پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے۔ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے چین اور پاکستان کی سوچ میں یکسانیت ہے۔ مارچ کے آخری ہفتے چین کا دورہ کروں گا۔ بیجنگ میں افغانستان کے تمام ہمسایہ ملکوں کا اہم اجلاس ہوگا۔ اتوار کو وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے حوالے سے وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی چین کے صدر شی جن پنگ سے تفصیلی ملاقات ہوئی جبکہ ملاقات میں باہمی تعلقات اور سی پیک منصوبوں پر مفصل گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کے ساتھ اتنی جامع اور مفصل ملاقات پہلے نہیں ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان کی ممتاز چینی کمپنیوں سے 18سے 20 اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین افغانستان میں پاکستان کے کردار کا معترف ہے۔ اس کے علاوہ چین، پاکستان اور افغانستان کے سہ جہتی فریقی گروپ کو دوبارہ فعال کریں گے۔

مزیدخبریں