جمہوریت کا انتقام ہو گا سلیکٹڈ کو جمہوری طریقہ سے ہتائیں:بلاول

Feb 07, 2022


نصیر آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کو پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ حکومت ملی تو سب سے پہلے پانی کا مسئلہ حل کریں گے۔ 27 فروری کو کراچی سے اسلام آباد کا رخ کریں گے۔ بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پورے ملک میں ترقیاتی منصوبے شروع کرے گی۔ موجودہ حکومت بلوچستان کے حق پر ڈاکہ مارنا چاہتی ہے۔ عمران خان نے عوام کے ووٹ کے حق پر بھی ڈاکہ مارا۔ کسی سے بھیک نہیں مانگتے اپنے حق کا مطالبہ کرتے ہیں، نہ ملا تو حق چھیننا بھی جانتے ہیں۔ کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ عوام کو حقوق سے محروم رکھے۔ ہر سازش ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے سلیکٹڈ حکومت آئی غربت اور بیروزگاری میں اضافہ ہوا۔ کپتان عوام سے روٹی کپڑا اور مکان چھین رہا ہے۔ شہید بی بی نے جمہوریت بہترین انتقام کا نعرہ لگایا۔ کٹھ پتلی کو پیغام پہنچا چکے۔ پیپلزپارٹی میدان میں اترچکی ہے۔ امید ہے بلوچستان کے عوام پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں گے۔ جمہوریت کا انتقام ہوگا کہ سلیکٹڈ کو جمہوری طریقے سے ہٹائیں۔ انہوں نے کہا کہ  گھبرانے کا وقت آچکا، حساب دینے کا وقت آچکا۔ عمران خان سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے۔ اب پارلیمان کا اعتماد بھی اٹھنا چاہیے۔ چھین رہا ہے کپتان‘ روٹی کپڑا اور مکان۔ خان صاحب نے آپ کے معاشی حقوق، آپ کے ووٹ، آپ کے پیٹ پر ڈاکا مارا ہے، ہم برداشت نہیں کرسکتے، ہم نے اعلان جنگ کردیا ہے۔ جمہوریت کا انتقام ہوگا کہ سلیکٹڈ کو جمہوری طریقے سے قومی اسمبلی میں ہرائیں اور اقتدار سے ہٹائیں۔ ہمارے مسائل کا حل جمہوری جدوجہد ہے۔ ہم ہتھیار نہیں ووٹ کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے خیبر پی کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے التوا کے معاملے پر کہا ہے کہ الیکشن کمشن سپریم کورٹ سے رجوع کرے اور خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے۔ پہلے مرحلے میں ناکامی پر عمران خان خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات سے بھاگ رہے ہیں۔ ہم فرار کا موقع نہیں دیں گے۔ خیبر پی کے کے عوام عمران خان کی کرپشن اور نااہلی کا حساب لیکر رہیں گے۔

مزیدخبریں