امجد فاروق سمیت اہم ن لیگی رہمنائوں کی شمولیت،عمران ایماندار ہیں:پرویز الہی


گجرات‘ لاہور (نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ) ن لیگ گجرات میں دراڑ پڑ گئی، سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی اور گجرات میں ن لیگ کے مرکزی رہنما و اہم ستون الحاج امجد فاروق سمیت ن لیگ کے کئی اہم رہنما مسلم لیگ ق میں شامل ہو گئے۔ الحاج امجد فاروق کا ذاتی گھر گجرات میں ن لیگ کا گڑھ تھا۔ ن لیگ کے رہنمائوں نے شمولیت کا اعلان قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی، چودھری وجاہت حسین اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی کی موجودگی میں کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایماندار اور نیک نیت ہیں، وہ ملک کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں، حکومت کو مشکلات کا سامنا ضرور ہے جنہیں مل کر حل کررہے ہیں، پہلے دن سے پی ٹی آئی کیساتھ ہیں انشاء اللہ انہی کے ساتھ رہیں گے اور ہر مرحلے میں ساتھ چلیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ شاید کسی کو اچھا نہ لگے پھر بھی گجرات میں ریسکیو 1122 کے نئے سٹیشنوں کی تعمیر، وزیرآباد کارڈیالوجی، ہسپتالوں اور ہیلتھ سیکٹر کی بہتری کیلئے ہم اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھیں گے۔ ہمارے پراجیکٹ اتنے پاورفل تھے کہ کوئی انہیں روک نہیں سکا، ہمارے دور میں ہسپتالوں میں ادویات اور علاج بالکل فری تھا لیکن بد قسمتی سے شہباز شریف نے ہیلتھ سیکٹرکو تباہ کر کے رکھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ مسلم لیگ (ق) ختم ہو اب ان لوگوں کو ہم نے ہی مشکل میں ڈالا ہوا ہے۔ علاوہ ازیں چودھری پرویزالٰہی سے  ریاض میں مسلم لیگ ق کے صدر امتیاز احمد نے ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے کر جمہوریت کے عمل میں شامل کر لیا گیا ہے جس کے بعد ان کی عزت میں مزید اضافہ ہو گا، اب ہر حکومت سمندر پار پاکستانیوں کی قدر پر مجبور ہو جائے گی۔ امتیاز احمد نے قائم مقام گورنر پنجاب کو ریاض میں پارٹی کنونشن میں شرکت کی دعوت دی جسے چودھری پرویزالٰہی نے قبول کر لیا۔

ای پیپر دی نیشن