صدارتی نظام آمریت کی علامت،پی ڈی ایم کبھی حمایت نہیں کرے گی:فضل الرحمن

Feb 07, 2022


میانوالی، کندیاں (نامہ نگاران، نمائندہ نوائے وقت، نوائے وقت رپورٹ) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ صدارتی نظام آمریت کی علامت ہے۔ پی ڈی ایم کبھی صدارتی نظام کی حمایت نہیں کرے گی۔  جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے کہا ہے کہ صدارتی نظام ملک کو دولخت کرنے کا سبب بنا۔ صدارتی نظام کی باتیں کرنے والے بتائیں کہ کیا اب ان کا پھر ویسا ہی ارادہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار پی ڈی ایم و جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے میانوالی کے دارالعلوم خانقاہ سراجیہ میں فارغ التحصیل ہونے والے طلباء کے اعزاز میں منعقدہ تقریب اور علماء کنونشن سے خطاب کے بعد میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے جمعیت علمائے اسلام نے تبدیلی کی بنیاد رکھ دی ہے۔ حکومت سے جلد جان چھڑائیں گے۔ دریں اثناء علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سیاست انبیاء کی وراثت ہے اور ختم نبوت سیاست سے بالاتر ہے۔ اس پر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔ ہم صدارتی نظام کے سخت مخالف ہیں۔ میں خود 40 سال سے سیاست کی غلام گردش میں ہوں، سیاست سمجھتا ہوں ہمیں یہ کیا سیاست سمجھائیں گے۔ ان لوگوں نے سٹیٹ بینک اور کشمیر کو فروخت کیا یہ اب نظریہ ختم نبوت کو بیچنا چاہتے ہیں۔ ان شاء اللہ 23 مارچ کو مہنگائی مارچ میں ملک بھر کے عوام شرکت کریں گے۔ شہباز شریف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں، وہ اس حیثیت سے دیگر جماعتوں سے مل سکتے ہیں۔ ڈیرہ غازی خان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا حالیہ دورہ چین کی ناکامی سے عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی ہے۔

مزیدخبریں