وطن کیلئے جان قربان کرنیوالے حقیقی ہیرو ہیں:عثمان بزدار

Feb 07, 2022


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کرم کے علاقے میں افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اور سکیورٹی فورسز کے 5 جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور شہداء کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وطن عزیز کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے حقیقی ہیرو ہیںاور شہید جوانوں کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انسان دوستی کی ایک اور مثال قائم کر دی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے چیف منسٹر صوابدیدی فنڈز کو دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کر دیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر  مختلف امراض میں مبتلا مستحق مریضوں کی مالی امداد کا ریکارڈ، تقریباً 3 ہزار مریضوں کے علاج معالجے کیلئے سوا دو ارب روپے کے فنڈز جاری کردیئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر کوہیلر امپلانٹ کے 239 مستحق مریضوں کے علاج معالجے کے لیے 31 کروڑ 37 لاکھ بون میرو کے 499 مستحق مریضوں کے لیے 62 کروڑ روپے سے زائد۔ کینسر میں مبتلا  520  مستحق مریضوں کے علاج معالجے کیلئے 26 کروڑ 33 لاکھ امراض قلب کے 43 مریضوں کے لیے ایک کروڑ ، امراض جگر کے 539 مریضوں کے لیے 48 کروڑ 41 لاکھ روپے جاری کئے گئے۔ امراض گردہ میں مبتلا642 مریضوں کے لیے 18 کروڑ 34 لاکھ روپے کی گرانٹ دی گئی۔ اس کے علاوہ دیگر بیماریوں میں مبتلا مریضوں کیلئے بھی کروڑوں روپے ۔چیف منسٹر صوابدیدی گرانٹ دی گئی۔ مہلک امراض میں مبتلا افراد کے 113 کیس میں 12 کروڑ 37 لاکھ روپے کی چیف منسٹر صوابدیدی گرانٹ جاری کی گئی۔  وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹرثانیہ نشتر کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے گلوکارہ لتا منگیشکر کے انتقال پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ لتا منگیشکر کے انتقال سے فن موسیقی کے ایک عہد کا خاتمہ ہوا ہے۔ لتا منگیشکر کا گلوکاری میں کوئی ثانی نہیں تھا۔ سر، تان کی ملکہ لتا منگیشکر نے فلم نگری پر طویل عرصہ راج کیا۔ لتا منگیشکر نے کئی دہائیوں تک آواز کا جادو جگایا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے مسٹر ایشیا کا ٹائٹل جیتنے والے باڈی بلڈر یحییٰ بٹ کے انتقال پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں