ملتان (نیوز رپورٹر) ممتاز اسلامک سکالر مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ دین پر عمل ہی کامیابی ہے۔ بے راہ روی نے ہمیں اصل راستے سے دورہٹادیا ہے۔ آج امت کو وحدت کی ضرورت ہے دینی مدارس ملک وقوم کے محسن ہیں یہ تاقیامت قائم رہینگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ خیر المدارس کے سالانہ اجتماع کی پہلی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جامعہ خیر المدارس ملتان کے95واں سالانہ عظیم الشان اجتماع میں ملک بھر سے جید علماء اور ہزاروں افراد شریک ہوئے دوسری نشست کی صدارت حضرت پیر ناصر الدین خاکوانی صدر وفاق المدارس شیخ الاسلام حضرت مفتی تقی عثمانی نے بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیتے ہوئے کہاکہ دین دشمن دین بے زار لوگ ناکام و نامراد ہوں گے اور قرآن و حدیث کے حافظ و علماء کرام' اہل مدارس کامیاب ہیں۔ دین دشمن ہمیں انتہا پسند کہتے ہیں۔ ہمیں وہ اپنا دشمن سمجھتے ہیں مگر ہمیں اس دشمنی پر فخر ہے۔ مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ چاند' مریخ پر جانے والے نہیں قرآن مجید والے کامیاب ہوں گے۔ جدید ٹیکنالوجی جدیدیت صرف قبر سے پہلے تک کیلئے ہے قبر اور اس کے بعد صرف قرآن مجید پڑھنے پڑھانے والے اور مدارس والے سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ خیر المدارس کے بانی مولانا خیر محمد جالندھری ان لوگوں میں سے تھے کہ جس کے متعلق حدیث میں آتا ہے کہ انہیں دیکھ کر اللہ یاد آتا ہے۔ جامعہ خیر المدارس کے مہتمم و شیخ الحدیث مولانا محمد حنیف جالندھری نے جامعہ خیر المدارس کی95 سالہ تاریخ کی اہم علمی و دینی خدمات کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مدارس قیامت تک قائم رہیں گے۔ ہمیں مٹانے والے خود مٹ جائیں گے۔