لاہور(نامہ نگار)سٹی ٹریفک پولیس نے کرکٹ ٹیموں کی باحفاظت لاہور ائیر پورٹ سے پی سی ہوٹل آمد، ہوٹل سے قذافی سٹیڈیم تک کے دونوں روٹس کی گزشتہ روز فل ڈریس ریہرسل کی گئی۔ سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے فرداً فرداً ہر پوائنٹ، ڈائیورشن، چوکنگ ایریا اور پارکنگ سٹینڈز کا فزیکلی بغور جائزہ لیا۔ سی ٹی او لاہور نے سرکل افسران اور وارڈنز کو مختلف پوائنٹس پر بریفنگ دی۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان سپر لیگ سیزن سیون کیلئے بہترین سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ سٹی ٹریفک پولیس روائتی انداز میں شائقین کو خوش آمدید کہے گی۔لاہور پولیس کی آپریشنل تیاریاں عروج پرہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز عابد خان، سی ٹی او منتظر مہدی،ایس پی سکیورٹی راشد ہدایت،متعلقہ ایس پیز اور افسران نے ریہرسل میں شرکت کی۔ائیر پورٹ سے نجی ہوٹل،کھلاڑیوں کی قیام گاہ سے قذافی سٹیڈیم تک روٹ پر سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کی ریہرسل کی گئی۔ریہرسل کے دوران تمام تر سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے دوران ریہرسل سکیورٹی انتظامات مزید مربوط بنانے کے حوالے سے افسران کو گائیڈ کیا۔سی ٹی او منتظر مہدی نے ٹریفک افسران کوکھلاڑیوں کی موومنٹ کے دوران ٹریفک کنٹرول بارے بریف کیا۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل اور قومی کھلاڑیوں، آفیشلز کو وی وی آئی پی سکیورٹی فراہم کریں گے۔کھلاڑیوں کی نقل و حرکت کے دوران شاہراہوں پر شہریوں کی مشکلات کے تدارک کی حکمت عملی طے کر لی گئی ہے۔شہری کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے پیش نظر لاہور پولیس سے تعاون کریں۔