الجلیل ڈویلپرز نے لاہور قلندرز کی مشترکہ ملکیت حاصل کرلی

Feb 07, 2022

لاہور (سپورٹس رپورٹر) رئیل سٹیٹ کی دنیا کے بڑے نام الجلیل ڈویلپرز نے پی ایس ایل کی لاہور سے وابستہ ٹیم لاہور قلندرز کی مشترکہ ملکیت حاصل کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔ ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب لاہور میں ہوئی۔ شاہد حسن وڑائچ سی ای او الجلیل گروپ آف کمپنیز نے کہا کہ اشتراک کی خاص بات لاہور قلندر زاور الجلیل ڈویلپرز کی ایک قدر مشترکہ ہے جو کہ نوجوانوں کو با اختیار بنانا ہے تاکہ ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جاسکے۔ لاہور قلندر کا پرجوش عزم الجلیل ڈویلپرز کی ایک مضبوط اور مجموعی معاشرے کے قیام کے منصوبے کے اتھ مکمل ہم آہنگی رکھتا ہے۔ منصوبے میں النور آرچرڈ پراجیکٹ کے تحت مدینہ سپورٹس سٹی میں لاہور قلندرز کیلئے جدید سہولیات سے لیس سپورٹس سہولت کی تعمیر شامل ہے ۔ لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے اشتراک پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ اشتراک لاہور قلندرز کی جانب سے معاشرے میں نوجوانوں کی ترقی کے عزم کو مزید آگے بڑھائے گا۔ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی، النور آرچرڈ کے سی ای او ملک خالد ڈھڈی، الجلیل ڈویلپرز کے کمرشل ڈائریکٹر سردار عالم وڑائچ اور لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ثاقب جاوید بھی موجود تھے۔ یہ باہمی اشتراک کرکٹ کی برانڈ کے فروغ کیلئے خصوصی طور پر اور سپورٹس کی ترقی کیلئے عمومی طور پر نہایت اہمیت رکھتا ہے اور قوم کی ترقی کیلئے معاشرتی بنیادوں پر ہونے والی کاوشوں کے ضمن میں بہت خوش آئند ہے۔

مزیدخبریں