سمندری حدود کی خلاف ورزی، 13بھارتی ماہی گیر گرفتار

Feb 07, 2022

کراچی(این این آئی)پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی(پی ایم ایس اے)نے کھلے سمندر میں سر کریک کے قریب سے بھارتی ماہی گیروں کی دو کشتیوں کو پکڑ لیا جن میں سوار 13 ماہی گیروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔بھارتی ماہی گیروں پر پاکستانی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے اور خلاف قانون مچھلیاں پکڑنے کا الزام ہے۔ترجمان پی ایم ایس اے کے مطابق سر کریک کے قریب پاکستانی ماہی گیروں کی حفاظت کے لیے OPS MUSTAID کے نام سے ایک فوکس آپریشن شروع کیا گیا ہے کیونکہ یہ اطلاع ملی تھی کہ بھارتی ایجنسیاں جان بوجھ کر پاکستانی ماہی گیروں کو پاکستانی سمندری حدود سے گرفتار کرتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس آپریشن کے دوران پی ایم ایس کے کے جہاز نے 2 بھارتی ماہی گیری کشتیاں معراج علی کو عملے کے 7 ارکان اور لانچ الاحد کو عملے کے 6 ارکان کے ساتھ پکڑا جو غیر قانونی شکار میں مصروف تھے۔ترجمان کے مطابق آپریشن کے وقت دونوں کشتیاں پاکستانی زون کے اندر موجود تھیں۔ ترجمان نے بتایا کہ ہندوستانی کشتیاں اوکھا سے آتی ہیں جو پاکستان سے 70 نارٹیکل کے فاصلے پر ہیں۔ یہ عمل ہمارے وسائل کے انڈس ڈیلٹا خطے میں جان بوجھ کر چھیڑ چھاڑ کا ذریعہ بن رہا ہے۔دونوں کشتیوں کو پاکستانی اور سمندر کے قانون سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن کی خلاف ورزی پر مزید قانونی کارروائی کے لیے کراچی لایا گیا ہے۔

مزیدخبریں