کراچی (سٹی نیوز) ہندوستان نے کشمیری مسلمانوں پر ظلم وتشدداورجبرکی انتہاکردی ہے، اقوام متحدہ دنیابھر باالخصوص کشمیر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم بندکرائے،اوآئی سی اس سلسلے میںاسلامی حمیت کا اظہارکرتے ہوئے کرداراداکرے اور مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی کرے۔ یہ باتیںمرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے ناظم اعلیٰ صاحبزادہ مفتی محمدزبیر صدیقی ہزاروی نے شہدائے کشمیر کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ علماء ومشائخ نے اس موقع پر نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم اور جبروتشددکی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری مسلمان ظلم برداشت کرنے کی تاریخ رقم کررہے ہیں،جب تک کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال نہیں کی جاتی اور کشمیر کے عوام کو حق خوارادیت نہیں دیاجاتا، خطے میں پائیدارامن کاخواب کبھی شرمندہء تعبیر نہیں ہوسکتا ،حکمران اقوام متحدہ کواس کی قرارداد کے مطابق کشمیر کے مسئلے کوحل کرانے میں کردار اداکریں۔مفتی محمدزبیر صدیقی ہزاروی نے کہاکہ پاکستان کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لیے کردار ادا کرے ۔بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں اور چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کر رہی ہے لیکن افسوس ہمارے حکمران خاموش تماشائی کاکردار اداکررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم کشمیر کے مظلوم مسلمانوں پر ظلم وستم پر ہرگزخاموش نہیں رہ سکتے، مسلم حکمران دنیابھر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر یکجاہوکر آواز اٹھائیں اور مسلمانوں پر ہونے والے ظلم وستم کو بندکروانے میں اپناکرداراداکریں۔