گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ کرپشن کنگز کے طور پر پہچانے جانے والے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے بڑے رہنما بے بنیاد دعوے کرتے ہوئے تاریخ پر تاریخ دیتے رہیں گے، نہ یہ حکومت کے خلاف لانگ مارچ کر سکیں گے اور نہ ہی تحریک عدم اعتماد ان کے بس کی بات ہے۔ ان کی گیدڑ بھبھکیاں سنتے سنتے کان پک گئے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں میاں محمود الرشید نے کہا کہ حکومت گرانے کے لیے زبانی جمع خرچ بہت آسان ہے،کسی کے دن میں خواب دیکھنے پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی لیکن حقیقت یہ ہے کہ کرپشن میں گلے تک لتھڑی بھٹو اور شریف فیملی کی دنیا بھر میں پھیلے اپنے اثاثوں کو محفوظ رکھنے کے لئے حکومت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش پہلے کی طرح اس مرتبہ بھی ناکامی سے دوچا ر ہو گی۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ عمران خان قوم کے ووٹوں سیوزیراعظم بنے ہیں اور انشا اللہ اپنی موجودہ آئینی مدت پوری کرنے کے بعد اگلے انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کریں گے۔ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ کو اپنی آنکھوں پر بندھی پٹی کھول کر اپنی اس فضول اچھل کود کے خاتمے کا خود ہی اعلان کر دینا چاہئے،یہی ان کے لئے بہتر ہے۔