حافظ آباد(نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد محمد آصف رضا نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن اور چیف سیکرٹری کامران علی افضل کی ہدایت پر حافظ آباد میں عوامی ویلفیئر کے 18نکاتی ایجنڈے پر بھرپور اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلع بھر میں تمام شہری اور دیہی علاقوں میںصفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جا رہا ہے، جب کہ کھلے مین ہولز کوبند کر دیا گیا ہے۔ غیر قانوی بل بورڈزاور وال چاکنگ کا خاتمہ کیا گیا ہے۔مختلف شاہراہوں اور مقامات پر ایک ہزار سے زائد سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے روڈ کراسنگ بورڈز آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔ تاہم حکومت پنجاب کی ہدایت پر عوامی ویلفیئر کے اٹھارہ نکاتی ایجنڈے کے تحت میونسپل کمیٹیوں سمیت تمام متعلقہ محکموں کو اپنے اپنے اہداف پورے کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔انھوں نے ان خیالات کا اظہار عوامی فلاحی اقدامات کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حامد ناصر گورائیہ، اسسٹنٹ کمشنر حافظ آباد مراد حسین،اے سی پنڈی بھٹیاں مدثر ممتاز، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریحان اظہر، سی ای او ایجوکیشن جاوید اقبال بابر، میونسپل کمیٹیوں اور ضلع کونسل کے چیف آفیسرز، محکمہ ہائی ویز، بلڈنگز، واپڈا، ٹرانسپورٹ، ٹریفک پولیس سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے ضلعی افسر اجلاس میں شریک تھے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھاکہ حافظ آباد اور پنڈی بھٹیاں سمیت دیگر علاقوں کی سٹریٹ لائٹس کو بحال کر دیا گیا۔ جب کہ اہم شاہراہوں اور عوامی مقامات پر گرین بیلٹس بھی بنائی گئی ہیں۔