چین نےاقتصادی راہداری کےدوسرے مرحلے میں تیزی سےترقی کی یقین دہانی کرائی ہے: خالد منصور

چین پاکستان اقتصادی راہداری کے امور کے بارے میں معاون خصوصی خالد منصور نےکہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کے بیجنگ کے دورے کے موقع پر چین نے اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے میں اعلیٰ معیار اور  تیزی سے ترقی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ آج اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتوں کے دوران چین کی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام نے پاکستان کی جانب سے چین کے سرمایہ کاروں کو فراہم کی گئی سہولتوں اور ماحول کو سراہا ہے۔ خالد منصور نے واضح کیا کہ وزیراعظم عمران خان نے بیجنگ میں مسلسل بیس ملاقاتیں کیں جس دوران چین کی کمپنیوں نے صنعت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے، ہاوسنگ اور تعمیرات، کان کنی اور تیل صاف کرنے کے کارخانوں سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ معاون خصوصی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ملک اب صنعتوں کے قیام کی طرف بڑھے گا جس سے معیشت کو فائدہ اور نوجوانوں کو ملازمتوں کے مواقع ملیں گے۔

ای پیپر دی نیشن