مغربی کنار، اسرائیلی فوج کی فا ئرنگ ، 7فلسطینی شہید: نسل کشی کا بھر پور جواب دینگے : حماس 

Feb 07, 2023


غزہ (انٹرنیشنل ڈیسک) مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے ایک علاقے میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران فائرنگ کرکے 7 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی کنارے کے علاقے جیریکو کے پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج نے علی الصبح چھاپہ مارا‘ 3 فلسطینی نوجوان زخمی بھی ہوئے جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں مسلح نوجوانوں نے 28 جنوری کو چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جن کی گرفتاری کے لیے جانے والی ٹیم پر بھی فائرنگ کی گئی۔ اسرائیلی فوج نے بے بنیاد دعویٰ کرتے  کہا مارے جانے والے نوجوانوں کا تعلق حماس سے تھا اور وہ اس علاقے کے اہم عہدیدار تھے۔ دوسری جانب حماس نے اسرائیل کے اس اقدام کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ادھر قابض اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے ایک اور علاقے میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران 48 سالہ خاتون کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ واضح رہے کہ رواں برس کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فوج کی جارحیت میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 43 ہوگئی جن میں 8 بچے شامل ہیں۔

مزیدخبریں